اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی حکام نے حج 2025 کے دوران لاکھوں عازمین کی حفاظت اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
جس میں مصنوعی ذہانت (AI)، ڈرون اور 15000 سے زائد کیمرے شامل ہیں۔حکام کے مطابق مکہ اور اس کے گردونواح میں نصب کیمرے غیر معمولی ہجوم کی نقل و حرکت یا ممکنہ رکاوٹوں کی پیش گوئی کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
جنرل ٹرانسپورٹ سینٹر کے سی ای او محمد نذیر کے مطابق، "ہمارا کنٹرول روم AI سے لیس خصوصی کیمرے استعمال کر رہا ہے جو رش والے علاقوں اور نقل و حرکت کا تجزیہ کرتے ہیں۔”اس سال دنیا بھر سے تقریباً 1.4 ملین زائرین مکہ پہنچے ہیں، ان کی رہنمائی اور حفاظت کے لیے 20،000 سے زیادہ بسیں تعینات ہیں۔مکہ کے مرکزی کنٹرول روم میں متعدد اسکرینیں اور نقشے ہیں، جن کی ٹریفک، رش کے اوقات اور پیدل چلنے والوں کے تصادم سے بچنے کے لیے ماہر عملہ مسلسل نگرانی کرتا ہے۔یہ جدید نظام 2015 کے ہولناک سانحے کے بعد متعارف کرایا گیا تھا، جب جمارت کی رسم کے دوران بھگدڑ میں تقریباً 2،300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔