اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وفاقی بجٹ 2025-26 میں پنشن کی ادائیگیوں کا کل حجم 1055 بلین روپے تک پہنچ گیا، مالی سال 25-2024 میں پنشن کا تخمینہ 1014 بلین روپے تھا۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق اگلے مالی سال میں مسلح افواج کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے طور پر 742 ارب روپے ادا کیے جائیں گے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 66 ارب روپے زیادہ ہے۔
دوسری جانب سول حکومت کے ملازمین کی پنشن کے لیے 243 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو کہ موجودہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 9 ارب روپے کا اضافہ ہے۔
رضوں پر سود کی ادائیگی کا بوجھ بھی بڑھ گیا ہے، اگلے مالی سال میں حکومت مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگی پر 7،197 بلین روپے خرچ کرے گی جبکہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 1،009 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پنشن اور قرض کی سود کی ادائیگی ملک کے بجٹ کا ایک بڑا حصہ خرچ کر رہی ہے، جس سے ترقیاتی اخراجات اور عوامی بہبود کے منصوبوں کے لیے وسائل محدود ہو رہے ہیں۔