اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچے میری ریڈ لائن ہیں، چائلڈ لیبر کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
چائلڈ لیبر کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کے جدید دور میں بھی چائلڈ لیبر کے واقعات انسانیت کے لیے ایک المناک حقیقت ہیں ۔
بچوں کے ہاتھ میں قلم، کتابیں اور لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، نہ کہ اوزار یا اینٹ مریم نواز شریف نے کہا کہ کم عمری میں تعلیم حاصل کرنے کے بجائے سخت محنت کرنے پر مجبور بچے ہر مہذب معاشرے کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہیں۔
اگر ہم اپنے معصوم بچوں کے بچپن کو محفوظ نہیں بنا سکتے تو آنے والے کل میں ہمارا معاشرہ مفید شہریوں سے محروم ہو جائے گا۔
انہوں نے چائلڈ لیبر کو نہ صرف ایک سماجی مسئلہ قرار دیا بلکہ نسلوں کے مستقبل کے لیے ایک سنگین سوال قرار دیا۔وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ چائلڈ لیبر کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ "بچے میری ریڈ لائن ہیں”، پنجاب حکومت بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
پنجاب ملک کا پہلا صوبہ ہے جہاں بچوں کے تحفظ کی پالیسی نافذ کی گئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلا ورچوئل چائلڈ سیفٹی سٹیشن قائم کرکے بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہا ہے اور ان بچوں کو جبری مشقت سے آزاد کرکے تعلیم کی طرف لایا جارہا ہے تاکہ وہ روشن مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔