اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانوی وزیر اعظم سر کیر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسرائیل ایران جنگ میں اپنا دما غ ٹھنڈا رکھیں۔
ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری کی خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ تصادم کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور برطانیہ سفارت کاری کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی اور برطانوی اخبارات نے خبر دی تھی کہ ٹرمپ نے ایران پر حملے کی منظوری دے دی ہے۔وال سٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ نے منگل کی رات سینئر مشیروں کو بتایا کہ انہوں نے ایران پر حملہ کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے لیکن ابھی تک یہ دیکھنے کا حتمی حکم نہیں دیا ہے کہ آیا ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کر دے گا۔تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری کی خبر کی تردید کی ہے۔اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکی اخبار کو اندازہ نہیں کہ میں ایران کے بارے میں کیا سوچتا ہوں۔بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اگلے دو ہفتوں میں ایران پر حملے کا فیصلہ کریں گے۔