اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وینکوور سٹی کونسل نے اگلے میونسپل انتخابات سے قبل شہر کے بجٹ کے آؤٹ لک میں پراپرٹی ٹیکس میں 7 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔
جس پر شہر بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ میئر کین سم کی قیادت میں کونسل نے یہ قدم خدمات کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تجویز کیا ہے۔ بجٹ رپورٹ کے مطابق، یہ اضافہ شہر کو اپنی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گا، تاہم میئر سم کی تجویز پر کونسل نے ایک تحریک منظو کی ہے جس کے تحت عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 2.5 فیصد یا اس سے کم ٹیکس اضافے کے امکانات تلاش کرے، اور ساتھ ہی صفر فیصد اضافہ کے ممکنہ منظرنامے پر بھی غور کیا جائے – بشرطیکہ فرنٹ لائن سروسز میں کمی نہ ہو۔
میئر سم جنہوں نے 2022 کی انتخابی مہم میں مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا تھا، پہلے ہی سال میں ٹیکس اضافہ کر چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت نے اس دوران شہر کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا، پولیس اور فائر ریسکیو سروسز کو مزید فنڈنگ دی، اور 2024 میں ٹیکس میں اضافے کو کم کر کے 3.9 فیصد تک محدود کیا۔
دوسری جانب، اپوزیشن کونسلرز نے عملے سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کم ٹیکس کے منظرنامے کے تحت ممکنہ سروس کٹوتیوں کی تفصیلی فہرست بھی فراہم کرے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ تاہم، یہ تجویز اے بی سی وینکوور کی اکثریتی کونسل نے مسترد کر دی، جس نے اسے غیر ضروری قرار دیا۔آزاد کونسلر ربیکا بلگھ نے کہا، "7 فیصد اور صفر فیصد کے درمیان فرق تقریباً 84 ملین ڈالر کا ہے۔ اگر ٹیکس نہیں بڑھایا جاتا تو اتنی بڑی رقم کی کٹوتیاں کہاں سے آئیں گی؟ اس بارے میں کوئی شفاف تفصیل نہ دینا باعث تشویش ہے۔”یہ صورتحال ایک بڑے بجٹ چیلنج کو جنم دے رہی ہے، جہاں ایک طرف اے بی سی پارٹی مالیاتی نظم کو ترجیح دے رہی ہے، اور دوسری جانب اپوزیشن کو خدشہ ہے کہ کم ٹیکس اضافہ شہری خدمات کو نقصان پہنچا سکتا ہے – خاص طور پر کمیونٹی پروگرامز، صحت، اور عوامی تحفظ کے شعبے متاثر ہو سکتے ہیں۔شہر کی مالی حکمت عملی اور کٹوتیوں سے متعلق تفصیلات اگلے چند مہینوں میں سامنے آئیں گی، اور شہری حلقے، تنظیمیں اور سروس پر انحصار کرنے والے ادارے اس بحث پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔