اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب میں زچگی کے بعد خواتین کو تین ماہ تک تنخواہ دیے جانے کے قانون پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔
یہ قانون 2 جولائی 2024 کو شاہی منظوری کے بعد نافذ ہوا، جس کے تحت زچگی الاؤنس کی فراہمی سعودی اور غیرملکی، دونوں اقسام کی خواتین کے لیے یکساں ہوگی۔سعودی جنرل سوشل انشورنس (GOSI) کے مطابق، زچگی کے بعد خواتین کو ولادت کے فوری بعد تین ماہ تک مکمل تنخواہ دی جائے گی، بشرطیکہ وہ سوشل سکیورٹی انشورنس پالیسی کے تحت رجسٹرڈ ہوں۔ یہ اقدام مملکت میں خواتین کو سہولیات دینے کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔قانون کے تحت اگر نومولود بچہ کسی بیماری یا پیدائشی معذوری کا شکار ہو تو زچگی الاؤنس میں ایک ماہ کی مشروط توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ اس کے لیے میڈیکل رپورٹس اور تصدیق شدہ دستاویزات کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ قانون ورکنگ خواتین کے لیے ایک حوصلہ افزا قدم ہے جو نہ صرف ملازمت کے استحکام کو فروغ دے گا بلکہ خاندانوں کو ذہنی اور مالی سکون بھی فراہم کرے گا۔