اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور "مسٹر پرفیکشنسٹ” کے لقب سے جانے جانے والے عامر خان نے حال ہی میں ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی کے دن جاوید میانداد کے چھکے نے ان کے خوشی کے لمحات کو مایوسی میں بدل دیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے اپنی جوانی کے دنوں کی بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رینا دتہ کے ساتھ صرف 21 سال کی عمر میں، خاندان کی مخالفت کے باوجود، خاموشی سے شادی کر لی تھی۔ جب وہ دونوں شادی کے بعد گھر پہنچے تو دیکھا کہ ان کے اہلِ خانہ پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کرکٹ میچ میں پوری طرح مصروف تھے اور کسی کو ان کی غیر حاضری کا احساس تک نہیں ہوا۔
یہی وہ مشہور شارجہ کا میچ تھا، جو 10 اپریل 1986 کو کھیلا گیا تھا، جس میں جاوید میانداد نے آخری گیند پر یادگار چھکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی تھی۔ عامر خان نے بتایا کہ بھارت کی جیت قریب دیکھ کر وہ خوش ہو رہے تھے، لیکن جیسے ہی میانداد نے چھکا مارا، ان کا شادی کا دن افسوس میں ڈھل گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بعد میں ایک فلائٹ کے دوران جب ان کی جاوید میانداد سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا:”جاوید بھائی، آپ نے میری شادی کا دن خراب کر دیا تھا، اُس دن میری شادی تھی اور آپ نے آخری گیند پر چھکا مار کر بھارت کو شکست دے دی، جس سے میرا خوشی کا دن مایوسی میں بدل گیا!