مون سون سسٹم 5جولائی تک فعال رہے گا،شدید بارشوں،سیلاب کا خدشہ،محکمہ موسمیات

اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ جاری ہے، جس سے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں اثرات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ مون سون سسٹم 5 جولائی تک فعال رہے گا، اور آئندہ دو سے تین دن کے دوران مزید بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔پنجاب کے تمام علاقوں میں مون سون بارشوں کا نظام فعال ہے، تاہم لاہور میں بارش کی شدت کم رہنے کی توقع ہے۔
شہر میں آج شدید حبس کے ساتھ ساتھ ہلکی ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ درجہ حرارت کم سے کم 29 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
بارشوں کے باعث لاہور میں جاری ترقیاتی کاموں میں تاخیر کا اندیشہ ہے، اور شہریوں کو تشویش لاحق ہے کہ اگر یہ منصوبے بروقت مکمل نہ ہوئے تو مون سون کے دوران مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ واسا کے ایم ڈی کے مطابق نکاسی آب کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ادارے کا عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا۔
ادھر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، مہمند، چترال، خیبر، اورکزئی، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان کے شمالی و جنوبی اضلاع شامل ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے سبب کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ صوابی، مردان، مانسہرہ، دیر، سوات اور شانگلہ کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان موجود ہے۔
مزید یہ کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث بعض سڑکیں بند ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گرمی کے لحاظ سے میر کھنی اور پٹن کوہستان کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جبکہ لوئر چترال، دروش، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور میں 35 اور تیمرگرہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش رسالپور میں 45 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جبکہ کاکول میں 17 اور تیمرگرہ میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
، تاہم کچھ علاقوں جیسے بارکھان، رکھنی، کوہلو، موسی خیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، سبی، قلعہ عبداللہ، زیارت، بولان، ژوب، قلات، مستونگ اور خضدار میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات میں 43، زیارت میں 27، ژوب میں 34، سبی میں 44، تربت میں 41، نوکنڈی میں 47 اور چمن میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
ساحلی علاقوں میں گوادر میں 33 اور جیوانی میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔موسم کی صورت حال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔