85
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے اور ممکنہ جنگ بندی پر بات چیت کے لیے اپنی ایک اعلیٰ سطحی مذاکراتی ٹیم آج قطر کے دارالحکومت دوحہ روانہ کرے گا۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق، یہ مذاکرات امریکہ اور قطر کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی منصوبے کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں۔ مذاکرات کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے اور دیرپا امن کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "حماس کی جانب سے جنگ بندی کے مسودے میں تجویز کردہ تبدیلیاں اسرائیل کے لیے قابل قبول نہیں ہیں۔” بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل صرف ایسی شرائط پر بات چیت کے لیے تیار ہے جو اس کی سیکیورٹی ضروریات کو پورا کرتی ہوں۔
دوسری جانب، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے سخت گیر سیاسی اتحادیوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اسرائیل غزہ میں اپنے فوجی آپریشن اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک کہ حماس اور دیگر مزاحمتی گروہوں کا مکمل خاتمہ نہ کر دیا جائے۔اس پیشرفت کو بین الاقوامی حلقوں کی جانب سے اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم زمینی حقائق اور فریقین کے بیانات سے واضح ہے کہ جنگ بندی کی راہ ہموار ہونے میں اب بھی کئی رکاوٹیں موجود ہیں۔