اردو ورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز ) قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نسیم شاہ ایشیا کپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد وہ سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلے کا اہم میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی بیان دیا ہے کہ امید ہے کہ نسیم شاہ ورلڈ کپ تک مکمل فٹ ہو کر ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔کرکٹ نیوز ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نسیم شاہ کے کندھے کی انجری ابتدائی سوچ سے زیادہ سنگین ہے۔رپورٹ کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ نسیم شاہ کندھے کی انجری کے باعث پورے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم ان کی اسکین رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نسیم شاہ پورے سال کرکٹ سے دور رہیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق انجری کے باعث نسیم شاہ کی نہ صرف آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بلکہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ذرائع کے مطابق نسیم شاہ مزید اسکین کے بعد درست صورتحال کا اندازہ لگایا جائے گا، پی سی بی میڈیکل پینل جلد ہی کسی اور جگہ پر اسکین ٹیسٹ کے انتظامات شروع کردے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی جلد نسیم شاہ سے متعلق باضابطہ اعلان کرے گا، نسیم شاہ کی رپورٹس معائنے کے لیے انگلینڈ بھیج دی گئی ہیں، انگلینڈ میں جائزہ لینے کے بعد نسیم شاہ کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔