اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔کوئٹہ کے تھانہ شہید جمیل کاکڑ میں مقتول عبدالرزاق شر کے بیٹے کی شکایت پر تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل، انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
کوئٹہ میں گزشتہ روز ایئرپورٹ روڈ عالمو چوک کے قریب نامعلوم افراد نے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان کے وکیل کے قتل کا ذمہ دار سابق وزیراعظم کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وکیل کے قتل کے ذمہ دار پی ٹی آئی سربرا ہیں۔
دوسری جانب سنگین غداری کیس میں سابق وزیراعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی شروع کرنے سے متعلق آج کی سماعت بھی بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔