غزہ ،ہرگھنٹے میں ایک بچہ شہید ،20ہزار ننھے چراغ بجھ گئےدنیا کب جاگے گی؟
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ کے معصوم پھول مسلسل مسل دیے جا رہے ہیں۔ بین الاقوامی تنظیم سیو دی چلڈرن کی لرزہ خیز رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے پچھلے 23 مہینوں میں ہر گھنٹے ایک فلسطینی بچہ شہید ہوا۔ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ کی حکومت کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ کم از کم 20 ہزار بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں ایک ہزار شیر خوار شامل ہیں جبکہ تقریباً نصف وہ نوزائیدہ تھے جو جنگ کے دوران پیدا ہو کر بمباری میں لقمۂ اجل بن گئے۔
تنظیم کے مطابق یہ صورتحال انسانیت کے منہ پر بدنما داغ ہے کیونکہ اسرائیلی حملے بچوں کے گھروں، کھیل کے میدانوں، اسکولوں اور اسپتالوں تک کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ قحط مسلط کر کے زندگی مزید اذیت ناک بنا دی گئی ہے اور عالمی برادری کی خاموشی اس المیے کو گہرا کر رہی ہے۔ادھر یونیسیف نے دنیا بھر سے فوری اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی جبری بے دخلی کا منصوبہ صرف الماوَسی کیمپ (خان یونس کے قریب) میں تقریباً 10 لاکھ افراد کو متاثر کرے گا جن میں آدھے بچے ہیں۔ ادارے کے مطابق غزہ میں ہر دوسرا شخص ایک بچہ ہے اور وہاں زندگی تقریباً ناممکن بن چکی ہے۔ صرف پانی کے انتظار میں حالیہ دنوں میں مزیدآٹھ بچے دم توڑ چکے ہیں۔