اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ستوال سیکٹر میں کشمیری چرواہوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دو شدید زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے ستوال سیکٹر پر آج 11 بجکر 55 منٹ پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایل او سی پر شہریوں کے تحفظ کے لیے جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، یہ جیو پولیٹیکل محرکات، جھوٹے بیانیے، بھارتی فوج کے من گھڑت الزامات کا نیا سلسلہ ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اس منصوبے کے تحت من گھڑت بیانیہ کی تسکین کے لیے معصوم جانوں کی تلاش میں ہے۔
بھارت کی بربریت کے بارے قومی سلامتی کے امور کے ماہر سید محمد علی نے کہا کہ اس واقعے کی ٹائمنگ مودی کے دورہ امریکہ سے متعلق ہے۔ بھارت پاکستان کو یہ باور کرانے کی ناکام کوشش کرنا چاہتا ہے کہ اسے امریکہ کی آشیرباد حاصل ہے۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب ملے گا، پاکستان اور کشمیر ی بھارت کو ناک چنے چبوانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہونی چاہیے کہ افواج پاکستان پوری طرح تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی، کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں۔