اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کہنے والا سائفر غائب ہو گیا ہے
جمعہ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آڈیو لیکس کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں سفارتی سائفر سے متعلق آڈیوز کی تحقیقات کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے ریکارڈ سے سائفر کی کاپی غائب ہے۔
کابینہ نے اس امر پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا کہ سابق وزیراعظم، وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اور سفارتی سائفر سے متعلق دیگر افراد کی آڈیوز نے سابق حکومت اور عمران خان کی مجرمانہ سازش کو بے نقاب کر دیا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ سیاسی فائدے کے لیے سفارتی سائفر کو من گھڑت معنی دے کر اہم قومی مفادات کو نقصان پہنچایا گیا اور اسے "دھوکہ دہی، جعلسازی اور من گھڑت” کے بعد چوری کیا گیا۔
یہ آئینی حلف، دیگر متعلقہ قوانین اور ضوابط بالخصوص سرکاری راز کی سخت خلاف ورزی تھی۔ یہ ریاست کے خلاف ناقابل معافی جرائم کی کارروائی تھی جس کے ذریعے سیاسی مفادات کو اہم قومی مفادات پر ترجیح دی گئی۔
لہٰذا آئین، قانون اور قواعد کے تحت ضروری تھا کہ اس معاملے کی تفصیل سے تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔