برطانوی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکولوں میں طلبہ کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہوگی، چھٹی کے دوران بھی طلبہ موبائل فون استعمال نہیں کرسکیں گے۔برطانوی وزیر تعلیم گلین کیگن کا کہنا ہے کہ پابندی کا مقصد طلبہ کے رویے میں بہتری لانا ہے۔وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ طلباء اسکول میں تعلیم پر توجہ دیں، اس کا مقصد تدریسی سرگرمیوں کے دوران طلباء کی توجہ کو بٹنے سے بچانا ہے۔
انگلینڈ سے پہلے فرانس، اٹلی اور پرتگال نے بھی سکولوں میں طلباء کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ دوران تعلیم موبائل فون کا استعمال طلباء کی کارکردگی اور قابلیت کو متاثر کرتا ہے۔ یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق موبائل فون کے زیادہ استعمال کا تعلق تعلیمی کارکردگی میں کمی سے ہے، اسکرین پر زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کے جذباتی استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔