3
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکی ریاست پنسلوانیا کے ایک نرسنگ ہوم میں زور دار دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔
متعدد افراد کے عمارت کے اندر پھنس جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔پنسلوانیا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کی ترجمان رتھ ملر کے مطابق دھماکے کے بعد صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی کیونکہ کچھ افراد نرسنگ ہوم کی عمارت میں محصور ہو گئے تھے، جنہیں نکالنے کیلئے امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بکس کاؤنٹی کے حکام نے بتایا کہ دھماکے کی شدت کے باعث نرسنگ ہوم کی عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہو گیا ہے۔ حالات پر قابو پانے کیلئے پنسلوانیا اور ہمسایہ ریاست نیو جرسی کی متعدد امدادی اور ریسکیو ایجنسیاں مشترکہ طور پر کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گیس لیکج کے باعث پیش آنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ جائے وقوعہ پر صورتحال اب بھی سنگین ہے اور قریبی علاقوں کے رہائشی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مقامی حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ نرسنگ ہوم کو خالی کرا لیا گیا ہے۔