اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ آج پھرملتوی کر دیا گیا ہے۔. پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی اہلیہ سماعت میں حاضر نہیں ہوئے۔.
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے آج 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں فیصلہ دوبارہ ملتوی کر دیا ہے۔. کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔.
سماعت سے قبل احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچ گئے جبکہ نیب کے پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب کی قانونی ٹیم کے ارکان عرفان احمد، سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کے عملے اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء سلمان اکرم راجہ ایڈوکیٹ اور دیگر بھی جیل پہنچ گئے۔.
اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جن میں لیڈی پولیس اہلکار اور ایلیٹ فورس کے تازہ دستے شامل تھے۔. اسی طرح اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا اور داخل ہونے والے سرکاری اہلکاروں کی بھی تلاشی لی جارہی تھی۔.
اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی عدالت پہنچیں تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ ملتوی کر دیا۔ فیصلہ اب 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔.