اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ چند شرپسند عناصر بلوچستان اور ملک کی مجموعی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
پاک فوج کے ترجمان نے لاہور میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں طلباء، طالبات اور انتظامیہ کی جانب سے ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے آپریشن بُنيَانٌ مَّرْصُوصٌ کی کامیابی اور پاک فوج کی حکمت عملی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ طلبہ و طالبات نے افواجِ پاکستان کی اس تاریخی فتح کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عوام بالخصوص نوجوانوں کی حمایت نے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، تھی اور ہمیشہ رہے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بلوچ عوام پاکستان کے ساتھ گہرے تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور روایتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، اور ملک دشمن عناصر کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
تقریب میں شریک طلباء، طالبات اور اساتذہ نے آئندہ بھی ایسے علمی و قومی آگاہی کے سیشنز کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔