اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وسطی البرٹا کے علاقے ویٹاسکون کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دیگر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہائی وے 2A پر ایک پک اپ ٹرک اور ایک چھوٹی SUV کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ان میں سے ایک گاڑی نے آگ پکڑ لی۔Wetaskiwin RCMP کے مطابق ہنگامی عملے نے موقع پر پہنچ کر جلتی ہوئی گاڑی سے دو افراد کو کامیابی سے نکالا، تاہم کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ مرد اور ویٹاسکون کی 64 سالہ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس نے بتایا کہ دیگر تمام افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے میں کل کتنے افراد سوار تھے۔حادثے کے بعد ہائی وے 2A کا ایک بڑا حصہ تحقیقات اور شواہد جمع کرنے کے لیے کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس حادثے سے متعلق مزید معلومات یا ویڈیو شواہد موجود ہوں، تو وہ براہِ راست Wetaskiwin RCMP سے 780-312-7267 پر رابطہ کریں یا گمنام طور پر کرائم اسٹوپرز کے ذریعے اطلاع دیں۔