اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) انسان کتنی بلندی پر گر کر زندہ رہ سکتا ہے؟ ویسے تو ایک یا دو منزلہ عمارت سے گرنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے لیکن ایک خوش قسمت شخص 2000 فٹ کی بلندی سے گرنے سے بچ گیا۔
یہ واقعہ نیوزی لینڈ میں پیش آیا جہاں ایک کوہ پیما کوہ تراناکی پر چڑھتے ہوئے گر گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق، کوہ پیما شمالی جزیرے میں چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کے دوران نرم برف پر 1,968 فٹ گر گیا۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کوہ پیما بہت خوش قسمت ہے کہ بچ گیا۔بیان میں کہا گیا کہ درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے نیچے کی برف نرم ہو گئی تھی اور اس شخص کو گرنے سے معمولی چوٹیں آئیں۔یہ شخص جس بلندی سے گرا وہ سعودی عرب کے مکہ کلاک رائل ٹاور کے برابر ہے جو دنیا کی بلند ترین عمارتوں میں سے ایک ہے۔
کوہ پیما 9 ستمبر کو ایک گروپ کے ساتھ چوٹی کو سر کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق اپنے ساتھی کوہ پیما کو چوٹی سے گرتے دیکھ کر دیگر لوگ اس کی تلاش کے لیے نیچے اترے۔تراناکی الپائن ریسکیو کا ایک رکن بھی اس وقت وہاں چڑھ رہا تھا اور اس نے گرے ہوئے شخص کو ڈھونڈنے میں مدد کی۔ماؤنٹ تراناکی کو نیوزی لینڈ کی خطرناک ترین چوٹیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔اس سے قبل 2021 میں بھی 2 کوہ پیما اسی جگہ سے گر کر موت کے منہ میں چلے گئے تھے جہاں 9 ستمبر کو کوہ پیما گرے تھے۔