اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) دنیا بڑی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے جی میل استعمال کرنے صارفین کیلئے اہم اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے
جس کے تحت اب گوگل اکاؤنٹ ہولڈرز اپنے موجودہ اکاؤنٹ سے منسلک پرائمری @gmail.com ای میل ایڈریس کو تبدیل کر سکیں گے، وہ بھی بغیر کسی ڈیٹا کے ضائع ہونے کے خدشے کے۔اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین کو یہ سہولت دی جا رہی ہے کہ وہ اپنی موجودہ جی میل آئی ڈی کی جگہ ایک نئی جی میل آئی ڈی منتخب کر سکیں، جبکہ ان کا پرانا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔ گوگل کے مطابق اس تبدیلی کے بعد صارفین کی تصاویر، ای میلز، چیٹس، فائلز اور دیگر تمام معلومات جوں کی توں برقرار رہیں گی، جس سے ڈیٹا کے ضائع ہونے کا خدشہ ختم ہو جاتا ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ اپ ڈیٹ ان صارفین کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہو گی جو برسوں پہلے بنائی گئی اپنی جی میل آئی ڈی سے مطمئن نہیں یا اب اسے پیشہ ورانہ یا ذاتی استعمال کے لیے تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل گوگل اکاؤنٹ میں پرائمری جی میل ایڈریس تبدیل کرنے کی سہولت موجود نہیں تھی، جس کی وجہ سے صارفین کو نیا اکاؤنٹ بنانا پڑتا تھا۔
گوگل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ نیا فیچر مرحلہ وار (بتدریج) صارفین کو فراہم کیا جا رہا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ تمام صارفین کو یہ سہولت ایک ساتھ دستیاب نہ ہو۔ تاہم جن صارفین کے اکاؤنٹس میں یہ آپشن فعال ہو چکا ہے، وہ سیٹنگز میں جا کر ’’Personal Information‘‘ کے سیکشن میں اس کی دستیابی چیک کر سکتے ہیں۔ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ نیا جی میل ایڈریس بنانے کے بعد صارف اگلے 12 ماہ تک مزید کوئی نیا پرائمری ایڈریس نہیں بنا سکے گا۔ البتہ پرانا ای میل ایڈریس کسی بھی وقت دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے، جو صارفین کو اضافی سہولت فراہم کرتا ہے۔
گوگل نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ نئے یا پرانے ای میل ایڈریس کے ذریعے صارفین اپنی تمام گوگل سروسز جیسے جی میل، گوگل میپس، یوٹیوب اور گوگل ڈرائیو میں باآسانی سائن اِن کر سکیں گے۔ یعنی اکاؤنٹ کی فعالیت اور سروسز کے استعمال پر اس تبدیلی کا کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔اگرچہ گوگل نے ڈیٹا کے محفوظ رہنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے، تاہم کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ای میل ایڈریس تبدیل کرنے سے قبل اپنے اکاؤنٹ کا بیک اپ ضرور بنا لیں، کیونکہ اس عمل کے دوران کچھ ایپ سیٹنگز ری سیٹ ہو سکتی ہیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی حلقوں میں اس اپ ڈیٹ کو گوگل کی جانب سے صارفین کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف اکاؤنٹ مینجمنٹ کو آسان بنائے گا بلکہ صارفین کو اپنی آن لائن شناخت بہتر انداز میں کنٹرول کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔