اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)کرک کے علاقے امبیری کلہ میں سکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلیجنس بنیادوں پر ایک ہدفی کارروائی کی، جس کے دوران کالعدم تنظیم سے وابستہ انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر نثار حکیم مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی)، ضلعی پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آپریشن تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہا، جس میں دہشتگرد کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔ جوابی کارروائی میں کمانڈر ہلاک جبکہ چار پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
ہلاک دہشتگرد نثار حکیم بین الصوبائی دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی، کرک پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائے، اور دہشتگردی کے خلاف ان کا عزم ناقابلِ تسخیر ہے۔