اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے سلسلے میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج پشاور میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کریں گے، جبکہ ملک بھر میں قائم زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی روز منعقد ہوں گے تاکہ مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے جو سائنسی اور موسمیاتی معلومات کی روشنی میں چاند کی پیدائش اور رویت سے متعلق بریفنگ دیں گے۔ موصول ہونے والی شہادتوں اور تکنیکی رپورٹس کی بنیاد پر حتمی اعلان کیا جائے گا کہ ملک میں پہلا روزہ کب رکھا جائے گا۔
دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک اور افغانستان میں آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔ اسی طرح بعض دیگر ممالک میں چاند نظر آنے کے بعد روزوں کا آغاز مختلف دنوں میں ہوگا۔ عراق، عمان، ترکیہ، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں پہلا روزہ کل رکھا جائے گا، جبکہ آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں جمعرات کو رمضان کا آغاز ہوگا۔
علاوہ ازیں بنگلا دیش، بھارت، جاپان، سنگاپور، آسٹریلیا اور فرانس میں بھی جمعرات کو پہلا روزہ متوقع ہے۔ پاکستان میں آج ہونے والے اجلاس کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی باقاعدہ اعلان کرے گی جس کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔