اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اوشاوا میں ایک گھر میں آگ لگنے سے ماں اور اس کی 9 سالہ بیٹی کی موت ہو گئی۔
کنگ اسٹریٹ ویسٹ اور سینٹر اسٹریٹ ساؤتھ کے قریب میک گریگر اسٹریٹ پر واقع ایک گھر میں صبح 8 بجے کے قریب آگ لگی۔ اوشاوا فائر ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف ٹوڈ ووڈ نے بتایا کہ جب ٹیم وہاں پہنچی تو انہوں نے دیکھا کہ دو منزلہ مکان مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گھر کی تمام منزلوں سے دھواں اور آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے۔اس دوران انہوں نے ایک 56 سالہ مرد، ایک 49 سالہ خاتون اور ان کی دو بیٹیوں، جن کی عمریں 9 اور 12 سال ہیں، کو ان کے گھر سے نکالا۔ خاتون اور اس کی نو سالہ بیٹی کو اسپتال میں مردہ قرار دے دیا گیا، جب کہ والد اور دوسرے بچے کو مزید علاج کے لیے سککڈز اسپتال لے جایا گیا۔ حکام نے تصدیق کی کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں اور وہ بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔