اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)البرٹا حکومت اور تقریباً 23 ہزار سرکاری ملازمین کے درمیان نیا معاہدہ طے پا گیا، جس کے بعد آئندہ ہفتے سے متوقع ہڑتال ٹل گئی ہے۔
البرٹا یونین آف پروونشل ایمپلائیز (AUPE) کے مطابق ثالث کی سفارش پر طے پانے والے اس معاہدے کے حق میں 63 فیصد اراکین نے ووٹ دیا جبکہ 36.5 فیصد نے مخالفت کی۔
اس معاہدے سے مستفید ہونے والے ملازمین میں انتظامی عملہ، البرٹا شیرفس، سوشل ورکرز اور جنگلات میں لگنے والی آگ سے لڑنے والے فائر فائٹرز شامل ہیں۔
یہ پیشکش پچھلے مہینے آخری مرحلے کی ثالثی مذاکرات کے دوران سامنے آئی تھی، جس میں چار سال کے دوران 12 فیصد تنخواہوں میں اضافہ شامل ہے۔
یاد رہے کہ مئی میں یونین کے اراکین نے 90 فیصد ووٹ سے ہڑتال کی حمایت کی تھی اور اس ووٹ کی مدت اگلے ہفتے ختم ہونا تھی۔
یونین کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل مذاکراتی عمل تھا، مگر اراکین کے فیصلے کا احترام کیا جاتا ہے۔