اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پنجاب میں 27 جولائی سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں مون سون کی موجودہ بارشوں کا سلسلہ 24 سے 30 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ 27 جولائی سے مون سون کی نئی بارشوں کے آغاز کا بھی امکان ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب اور جہلم کے بالائی علاقوں میں بارشیں ہوں گی، 26 جولائی تک مون سون کی بارشوں کی شدت میں کمی کے امکانات ہیں اور مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ پہلے جیسا شدید نہیں ہوگا۔
محکمہ موسمیات کی آج سے ملک بھر میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث بھارتی ڈیم 90 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
ممکنہ بارشوں کے باعث بھارت کی جانب سے مزید پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے، راوی، جہلم اور چناب میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
ڈی جی پی پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ انتظامیہ ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے 24 گھنٹے الرٹ رہے، لوگوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔