اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) مہنگائی نہ صرف پاکستا ن بلکہ عالمی مسئلہ بن چکی ہے ، لندن میں مہنگائی کے طوفان سے شہری پریشان ہیں لندن میں کونسل ٹیکس کا نفاذ ہوگیا، بس اور ٹرین کے کرایوں میں ریکارڈ 6 فیصد اضافہ کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے میئر صادق خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ اضافہ حکومت کی جانب سے مطلوبہ فنڈز فراہم نہ کرنے کے باعث کیا گیا ہے۔کرایوں میں اضافے کے بعد، زون 1 کے مصروف اوقات کے دوران ٹیوب کے کرایوں میں 12 فیصد اور آف پیک کے لیے 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں
برطانیہ کا 240 سال پرانا ڈیپارٹمنٹل سٹور بند ہونے کے قریب ، وجہ کیا بنی ؟
اس کے علاوہ، زون 1-6 کے لیے ڈے ٹریول کارڈ میں 4پائونڈ کا اضافہ کیا گیا ہے، زون 1-4 کے لیے ٹیوب کے کرایوں میں 70 پنس کا اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس بتاتی ہیں کہ ہفتہ وار پاس کی قیمت میں 1.40 پائونڈکا اضافہ ہوا ہے جبکہ لندن کے ہر گھر پر کونسل ٹیکس 9.7 فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔ لندن میں بینڈ ڈی کونسل ٹیکس میں 38.55 پائونڈ کا اضافہ ہوا ہے۔
سٹی ہال کا کہنا ہے کہ نابالغوں اور 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے مفت سفر کی سہولت برقرار رکھی جائے گی۔ کرائے اور کونسل ٹیکس میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔