اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ملک میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کے باعث آج سے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ یہ سلسلہ پانچ اپریل تک جاری رہ سکتا ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر کی بالائی وادیوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں اور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان اور مانسہرہ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آندھی اور بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، لہٰذا شہریوں کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔