اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برٹش کولمبیا کے مختلف علاقوں میں اس ہفتے کے آخر میں شدید ہواؤں اور بارش کی وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے مطابق شمالی اور جنوبی پیس ریور کے علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کو تیز ہواؤں کی توقع ہے، جن کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے اور بعد میں یہ 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہیں۔ڈاؤسن کریک کے جنوبی علاقوں میں ہوا کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق، اتوار کی صبح تک ہواؤں میں کچھ کمی متوقع ہے، لیکن بجلی اور مواصلاتی نظام میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔
چلکوٹِن کے علاقے، اناہم جھیل اور نمپو جھیل کے قریب اور شمالی بی سی کے پرنس جارج تک بھی ہواؤں کی وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ ان علاقوں میں تیز ہوائیں رات بھر برقرار رہیں گی اور اتوار کے دن کے دوران کم ہونے کی توقع ہے۔فریزر کینین کے علاقے میں ہفتہ کو ہواؤں کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے اور اتوار کی صبح تک کمی متوقع ہے۔ جنوبی انٹیریر میں ہفتہ کی شام سے اتوار تک تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کی بندش اور دیگر مشکلات ہو سکتی ہیں۔ محکمہ ماحولیات نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ بلند عمارتوں اور کھلے مقامات پر موجود اشیاء کو محفوظ بنایا جائے اور بڑے گاڑیوں میں اضافی احتیاط برتی جائے۔
اسی دوران مرکزی ساحلی علاقوں کے لیے بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جہاں بھاری بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔ محکمہ کے ماہر موسمیات کے مطابق ایک بلند دباؤ کا نظام ساحلی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے جس کے باعث وینکوور میں بھی کافی بارش متوقع ہے، لیکن یہ معمول کے مطابق ہے۔ماہرین کے مطابق اگلے ہفتے کے آخر میں طوفانی بارش کے امکانات زیادہ ہیں، جس میں موسمی ندی یا اٹموسفیرک ریور شامل ہو سکتی ہے، تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ یہ نظام ساحل پر کہاں سے آئے گا۔