اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی شہر لاس اینجلس میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران تیز رفتار گاڑی بے قابو ہوکر گروسری اسٹور میں جا گھسی
جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حادثہ شہر کے ویسٹ ووڈ علاقے میں واقع ایک مصروف مارکیٹ میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی اچانک کنٹرول سے باہر ہوئی اور سیدھی اسٹور کے اندر جا ٹکرائی، جس سے وہاں موجود افراد کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔
حکام کے مطابق حادثے میں 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی ایک خاتون چلا رہی تھی، تاہم یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تیز رفتاری، طبی مسئلے یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو تحویل میں لے کر واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں اور امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔