اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ صفر ہو، ملک بھر میں بجلی کی یکساں قیمت پر 150 ارب کی سبسڈی دی جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ بجلی کی قیمت کو ہر ممکن حد تک کم رکھا جائے، صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، 25 ارب روپے کا ریلیف دیں گے۔ فاٹا کے علاقوں میں بجلی کی مد میں آزاد کشمیر میں بھی 55 ارب روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لیے 315 ارب روپے کا ریلیف ہے، اس کے علاوہ بلوچستان کے ٹیوب ویلوں کے لیے وفاق کی جانب سے 58 ارب روپے کا ریلیف دیا جائے گا اور یکساں نرخوں پر 150 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ شہباز شریف اور مخلوط حکومت نے بجلی کے مسائل حل کیے، ایک سال میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی پاکستان کے سسٹم میں آئی، بجلی کے تمام منصوبے نواز شریف کا تحفہ ہیں، جو آج پھل دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایک میگاواٹ کا بھی منصوبہ نہیں بنایا، موجودہ حکومت نے ملک کو دوبارہ روشنی کی طرف لے جایا گیاہے۔
وفاقی وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی اور سستی بجلی پر توجہ دے رہے ہیں، کوشش ہے کہ ملک میں زیرو لوڈ شیڈنگ ہو۔