اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گمبیلا تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
یہ کارروائی تھانے کے احاطے کے قریب دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت کو بھانپنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔دس سے بارہ دہشت گرد پہلے گمبیلا تھانے پر دھاوا بولنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس نے فوراً حرکت میں آتے ہوئے فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہو گئے اور اپنا حملہ مکمل نہیں کر سکے۔
اس کارروائی کے دوران پولیس اہلکار محفوظ رہا اور کسی قسم کا انسانی نقصان نہیں ہوا۔انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس فورس کے جوانوں کی بہادری اور سرعت عمل پر خصوصی طور پر فون کے ذریعے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید برآں آر پی او بنوں ریجن، سجاد خان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ممکنہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیس نہ صرف پہلے سے الرٹ رہتی ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل ہے، جس کا ثمر آج کی کارروائی میں واضح طور پر دیکھنے کو ملا۔
پولیس کی اس پیشگی اور نرم و مؤثر کارروائی نے ثابت کیا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی ادارے پوری طرح فعال اور چوکس ہیں۔