اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) افغانستان کے صوبہ کنڑ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں ٹی ٹی پی کے ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا جس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر رحیم اللہ عرف شاہد عمر کو افغانستان کے صوبہ کنڑ کے علاقے شرینگل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر کی ہلاکت کے حوالے سے افغانستان اور پاکستان کی حکومت کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم عسکریت پسند تنظیم نے اپنے کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔افغان فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ افغان طالبان کے ایک ظہرانے میں شرکت کے بعد اپنی پوسٹ پر واپس جا رہے تھے۔پاکستانی سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کمانڈر شاہد عمر کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔