اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مذہبی امور کی انتظامیہ کا سربراہ مقرر کر دیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہی محل سے جاری فرمان میں کہا گیا ہے کہ شاہ سلمان نے ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی انتظامیہ کا سربراہ مقرر کیا ہے۔
سعودی کابینہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی پریزیڈنسی برائے مذہبی امور کے نام سے دو نئے آزاد ادارے قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حرمین شریفین میں امام و موذن کے امور کی نگرانی اور دونوں مساجد میں مذہبی امور سے متعلق تمام امور، اختیارات اور فرائض نئے ادارے کو منتقل کیے جائیں گے۔
کابینہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال کے لیے جنرل اتھارٹی میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اتھارٹی مالی اور انتظامی طور پر خود مختار ہو گی۔ انتظامی طور پر بادشاہ سے مربوط ہو گی۔ پچھلے ادارے کے اختیارات، فرائض اور معاملات نئے ادارے کو منتقل کر دیے گئے۔