اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ابو ظہبی میں منشیات کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی
زید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 5 ملین درہم (تقریباً 38 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کی کوکین سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اماراتی حکام کے مطابق جنوبی امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک مسافر نے بڑی مہارت سے 89 منشیات کے کیپسول اپنی آنتوں میں چھپائے ہوئے تھے تاہم جدید ایکسرے اسکیننگ ٹیکنالوجی نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کو اس وقت شک ہوا جب اس کی حرکات و سکنات غیر معمولی محسوس ہوئیں۔ جدید آلات سے سکیننگ کے دوران انتڑیوں میں غیر معمولی اشیاء کی نشاندہی ہوئی جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ برآمد ہونے والے کیپسول کا وزن تقریباً 1198 گرام تھا اور عالمی مارکیٹ میں ان کی قیمت تقریباً 5 ملین درہم بتائی جاتی ہے۔ ابوظہبی کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس ٹیم نے اس آپریشن میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔