اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )امریکی خفیہ دستاویزات لیک کرنےکرنیوالا ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت جیک ٹیکسیرا کے نام سے ہوئی ہے جو میساچوسٹس ایئر نیشنل گارڈ کا رکن ہے۔
جیک ٹیکسیرا کو ایف بی آئی نے میساچوسٹس میں گرفتار کیا، ایف بی آئی کے مطابق یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے جیک کو آج پیش کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق ملزم اس آن لائن گروپ کا سرغنہ ہے جس پر دستاویزات جاری کی گئیں، ملزم کے گھر پر ایف بی آئی نے چھاپہ بھی مارا۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر مجرمانہ فعل کیا۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق، 21 سالہ جیک ٹیکسیرا 20 سے 30 افراد کے ایک آن لائن گروپ کی قیادت کرتا ہے جسے Thug Shaker Central کہا جاتا ہے، جو بندوقوں، ویڈیو گیمز اور نسل پرستانہ میمز میں دلچسپی کے پیغامات شیئر کرتا ہے۔امریکی محکمہ انصاف نے گزشتہ ہفتے خفیہ دستاویزات کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کیا، پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات فوری پیغام رسانی کے پلیٹ فارم ڈسکارڈ پر شیئر کی گئیں۔
خفیہ امریکی دستاویزات میں یوکرین کو روس پر حملے کے لیے مسلح کرنے کی معلومات شامل تھیں، اور جنگی منصوبے میں یوکرینیوں کی غیر معمولی اموات کا حوالہ دیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق ان دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنگ میں اب تک 71500 یوکرائنی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 16000 سے 17000 روسی فوجی جنگ میں مارے جا چکے ہیں۔