اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)راولپنڈی پولیس نے جامعہ غوثیہ ضیاء العلوم مسجد پر چھاپہ مار کر 65 تحریک لبیک کے کارکن گرفتار کر لیے اور مسجد کو سیل کر دیا۔ تھانہ سول لائن پولیس کی نگرانی میں یہ کارروائی عمل میں آئی۔ شہر کے دیگر علاقوں میں سڑکیں مکمل بند رہیں، مری روڈ کی داخلہ گلیاں بھی سیل تھیں، جبکہ ٹرانسپورٹ اڈے، ہول سیل منڈیاں، الیکٹرانکس اور جیولری مارکیٹس بند رہیں۔ تمام سرکاری و نجی اسکولز اور یونیورسٹیاں بھی بند رہیں، میٹرو بس اور بائیکیا سروسز معطل رہیں۔
ادھر اڈیالہ جیل سے کسی بھی گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے راستوں کی بندش کے باعث عدالتوں میں پیشیاں ممکن نہ ہو سکیں۔ سرکاری اور نجی دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی اور ایمبولینس سروس بھی محدود رہی۔
لاہور کے شاہدرہ علاقے میں پولیس اور ٹی ایل پی کارکنوں کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ مظاہرین نے پولیس کی گاڑی چھین لی اور شاہدرہ پل پر قبضہ کر لیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس اہلکاروں کو گرفتار بھی کیا گیا اور ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں۔ شدید شیلنگ اور فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری زندگی متاثر ہوئی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے بعد پولیس پیچھے ہٹ گئی اور کارکنان نے قافلے کی شکل میں شاہدرہ کراس کیا۔