اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے چار شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن یکم نومبر کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں تخریب کاری اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کو بیرونی حمایت حاصل تھی اور وہ ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے سرگرم تھی۔
کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گی، اور ملک کے امن و استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون ہی دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے میں کامیابی کی بنیاد ہے۔ پاک فوج ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری قوت سے سرگرم ہے۔