اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )9 مئی کو کور کمانڈر ہا ئوس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی شروع کردی گئی۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پرتشدد واقعات میں ملوث 16 شرپسندوں کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
جناح ہا ئوس لاہور میں آتشزدگی اور توڑ پھوڑ کے کیس میں کمانڈنگ آفیسر نے ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے 16 شرپسندوں کی تحویل مانگ لی۔
عدالت نے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ ملزمان پر آرمی ایکٹ 1952 کے تحت مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن نے کمانڈر کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا، عدالت نے حکم دیا کہ سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل 16 ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے کمانڈنگ افسر کے حوالے کر دیں۔
ذرائع کے مطابق 16 ملزمان میں عمار زوہیب، علی افتخار، علی رضا، محمد ارسلان، محمد عمیر، محمد رحیم، ضیا الرحمان، وقاص علی، رئیس احمد، فیصل ارشد، محمد بلال، فہیم حیدر، ارم جنید، میاں محمد شامل ہیں۔ اکرم عثمان، محمد حاشر خان اور حسن شاکر شامل ہیں۔