اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی اس وقت تک لیڈر نہیں بن سکتا جب تک وہ اپنی غلطیوں کو تسلیم نہ کرے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹرز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں شرکت کی جب کہ عشائیہ میں صدر مملکت عارف علوی نے بھی شرکت کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کپتان بابر اعظم اور اسپیڈ اسٹار شاہین آفریدی سے بھی بات کی جب کہ آرمی چیف نے شاہین شاہ آفریدی کی خیریت بھی دریافت کی۔
آرمی چیف جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ ‘لڑنا لیڈر شپ کا کام ہے اور آپ جیتیں یا ہاریں یہ اس کا حصہ ہے، لیکن کوئی بھی غلطی تسلیم کیے بغیر لیڈر نہیں بن سکتا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے برعکس – جس نے ورلڈ کپ کا میچ دس وکٹوں سے ہارا تھا – پاکستان فائنل میچ انگلینڈ کے خلاف کم مارجن سے ہارا۔
گرین شرٹس کی تعریف کرتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ایک بار پھر سر اٹھا چکی ہے۔
جنرل باجوہ نے کہا کہ قومی کرکٹرز بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید نکھارنے کے لیے محنت جاری رکھیں۔