222
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی آج سے پاکستان کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام افغان وزیر خارجہ 6 مئی کو 5ویں چین، پاکستان، افغانستان سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔چین کے وزیر خارجہ کن گینگ بھی سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
ترجمان کے مطابق افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کے وفد میں افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت و صنعت حاجی نورالدین عزیز اور اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
افغان وزیر خارجہ کے دورے کے دوران دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، جس میں معیشت، تجارت، مواصلات، امن و سلامتی اور تعلیم کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پرامن، خوشحال، مستحکم اور جڑے ہوئے افغانستان کا خواہاں ہے، افغان حکومت کے ساتھ ورکنگ تعلقات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔