اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کا پہلا بڑا اپ سیٹ افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2023 کی شکست کا بدلہ لے لیا۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم افغانستان کے 148 رنز کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں کینگروز کا آغاز اچھا نہ رہا، ٹریوس ہیڈ تین گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے نوین الحق کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ٹی ٹوئنٹی کے ماہر ڈیوڈ وارنر صرف 3 رنز بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں
ٹی 20 ورلڈ کپ ،سپر ایٹ مرحلہ میں بنگلہ دیش کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست
کپتان مچل مارش کی مزاحمت صرف 12 رنز تک محدود رہی، گلین میکسویل سب سے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، مارکس اسٹونز کی اننگز 12 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی۔ ایڈم زمپا نے 9 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب شاندار بولر رہے جنہوں نے 4 آسٹریلوی بلے بازوں کا شکار کیا، نوین الحق نے بھی 3 کینگروز کو آؤٹ کیا، راشد خان، عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل سینٹ ونسنٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔
افغانستان کے اوپنرز نے سنچری پارٹنرشپ بنائی لیکن 15.5 اوورز میں 118 رنز کی شراکت نے ٹیم کو بڑے اسکور سے محروم کردیا۔رحمان اللہ گرباز نے 60 اور ابراہیم زردان نے 51 رنز بنائے، کریم جنت نے 13 رنز بنائے۔کینگروز کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایڈم زمپا نے 2 اور مارکس اسٹونز نے 1 وکٹ حاصل کی۔