اردو ورلڈ کینیڈ ا( ویب نیوز )اسرائیلی فضائی حملوں میں 42 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ بحال کر دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی بحال کر دی گئی ہے، جبکہ اس کی خلاف ورزیوں سے بچنے کے لیے ایک منظم طریقہ کار وضع کرنے پر مذاکرات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق مصر، ترکی، قطر اور امریکہ نے جنگ بندی کی بحالی میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں شدید فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 42 فلسطینی شہید ہوئے، جس سے گزشتہ روز سے اب تک شہادتوں کی مجموعی تعداد 45 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں مبینہ حماس اہداف پر 120 راکٹ داغے، تاہم ان حملوں میں عام شہری، پناہ گزین خیمے اور النصیرات کیمپ بھی نشانہ بنے۔ خاص طور پر شمال مغربی خانیونس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔حماس نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تل ابیب دانستہ طور پر جھوٹے بہانے تراش رہا ہے تاکہ جنگ دوبارہ شروع کی جا سکے۔فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 10 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 98 تک پہنچ چکی ہے، حالانکہ اسی تاریخ کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔