اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں بیماریوں اور اموات کی تعداد ایک اور تباہی کا خطرہ ہے۔
ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بیماریوں سے ہونے والی اموات کی صورت میں ایک نئی آفت کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او 10 ملین ڈالر کے بعد امداد کے لیے ایک نئی اپیل جاری کرے گا، جس میں دنیا بھر کے عطیہ دہندگان سے جانیں بچانے کے لیے فراخدلی سے امداد کا مطالبہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب سیلاب میں گھرے لاکھوں بچوں کی زندگیاں خطرے سے بچانے کیلئے ا قوام متحدہ نے ہنگامی امداد کے لیے ایک نئی اپیل کی ہے۔
یونیسیف کے مطابق سیلاب سے متاثرہ تقریباً 34 لاکھ بچے فوری امداد کے منتظر ہیں، سیلاب میں پھنسے بچے بھوک اور بیماریوں میں گھرے ہوئے ہیں۔
یونیسیف کے مطابق ملیریا اور ڈینگی کے ساتھ پیٹ کی بیماریاں ان بچوں پر حملہ آور ہیں، یہ لڑکے اور لڑکیاں موسمیاتی تباہی کی قیمت چکا رہے ہیں جس میں ان کا کوئی حصہ نہیں۔