اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل میں کیے گئے تازہ ترین سروے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اسرائیلی عوام کا اعتماد کھو رہے ہیں اور ان کی مقبولیت میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔
نیتن یاہو، جنہوں نے قبل از وقت انتخابات کروا کر دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، کو وہ مقبولیت نہیں ملی جس کی وہ ایران کے خلاف جنگ سے امید کر رہے تھے۔سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ 59 فیصد اسرائیلی شہری چاہتے ہیں کہ یرغمالیوں کی واپسی کے بدلے غزہ میں جاری لڑائی ختم ہو جائے، جب کہ نیتن یاہو پر سیاسی فائدے کے لیے اسرائیلی یرغمالیوں کی بحفاظت واپسی کی قربانی دینے کا الزام ہے۔49% اسرائیلیوں کا خیال ہے کہ غزہ میں جنگ ابھی تک صرف نیتن یاہو کے سیاسی عزائم کی وجہ سے جاری ہے۔. اسرائیلیوں کی اکثریت اب نیتن یاہو پر بھروسہ نہیں کرتی۔اس کے علاوہ، نیتن یاہو پر مختلف مقدمات میں تین بار فرد جرم عائد کی گئی ہے، اور فی الحال انہیں بدعنوانی کے ایک بڑے کیس کا سامنا ہے۔اس کے علاوہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے جنگی جرائم کے ارتکاب پر نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق حتمی فرد جرم اسرائیلی وزیراعظم پر مستعفی ہونے کے لیے دباؤ بڑھا سکتی ہے۔