اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان اور چین کے درمیان ساتویں سٹریٹجک ڈائیلاگ میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ بیجنگ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی، جہاں باہمی تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق، دونوں ممالک نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان نے ایک چین پالیسی کے تحت تائیوان، سنکیانک، تبت، ہانگ کانگ، جنوبی بحیرہ چین اور چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈائیلاگ کے دوران دونوں ممالک نے اپنی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کرنے کا اعلان بھی کیا، جس کا مقصد نسل در نسل دوستی کو مزید مضبوط اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں سٹریٹجک و سیاسی تعاون، دفاع، سلامتی، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی اور عوامی روابط سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک-چین تعلقات کی مضبوط ترقی علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے، اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، ایکشن پلان 2025-2029 کا نفاذ، اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر ترجیحی امور میں شامل ہیں۔ پاکستان نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقیاتی کامیابیوں کو سراہا اور 14ویں پانچ سالہ منصوبے کی کامیابی اور 15ویں منصوبے کے آغاز پر چین کو مبارکباد دی۔