اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان میں پہلی بار ایئر ٹیکسی سروس 18 جون سے شروع ہوگی جس کے لیے 2 جدید طیارے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
نجی ایوی ایشن کمپنی اسکائی ونگز ایوی ایشن کے سی او او عمران اسلم خان کے مطابق پاکستان میں پہلی بار ایئر ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے معاملات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جس کے لیے دو جدید طیارے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
عمران اسلم کے مطابق ایئر ٹیکسی سروس استعمال کرنے کی آن لائن درخواست بھی چند روز میں دستیاب ہو جائے گی اور اس سروس کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں میں ہنگامی آمدورفت ممکن ہو سکے گی۔
اسکائی ونگز ایوی ایشن کے سی ای او عاصم نواز نے میڈیا کو بتایا کہ ایئر ٹیکسی سے ہوائی پٹیوں پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف ممکن ہوگی جب کہ ایئر ٹیکسی سروس کا باقاعدہ آغاز 18 جون کو کیا جائے گا۔ عاصم نواز کے مطابق آن لائن ایئر ٹیکسی سروس آدھی قیمت پر فراہم کی جائے گی، بین الاقوامی کمپنیاں بھی کاروبار میں شامل ہونے کے لیے رابطہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن ٹیکسی کے لیے ویب ایپلیکیشن بھی آئندہ چند روز میں متعارف کرائی جائے گی۔ ابتدائی طور پر ایئر ٹیکسی سروس پاکستان کے 9 ہوائی اڈوں کے علاوہ نجی ہوائی اڈوں رحیم یار خان اور بلوچستان پر چلائی جائے گی۔ طویل مدت میں سروس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا، آن لائن ٹیکسی سروس کے ذریعے تاجر اور دیگر سیکیورٹی مسائل کا سامنا کرنے والے افراد بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں سفر کر سکیں گے۔