ایئر ٹرانزیٹ کے پائلٹس کا ہڑتال کا اعلان،کرسمس سیزن میں فضائی سفر شدید متاثر ہونے کا خدشہ

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایئر ٹرانزیٹ کے پائلٹس نے مصروف تعطیلاتی سیزن سے ٹھیک پہلے بدھ کی صبح سے ممکنہ ہڑتال کا نوٹس دے دیا ہے، جس سے کمپنی شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن نے اتوار کو 72 گھنٹے کا ہڑتال نوٹس جاری کیا۔ یونین کا کہنا ہے کہ ٹریول کمپنی ٹرانزیٹ اے ٹی انکارپوریٹڈ، جو ایئر ٹرانزیٹ کی مالک ہے، کے ساتھ تقریباً ایک سال کی مذاکراتی کوششوں کے باوجود کوئی اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا۔

یونین کے نمائندے بریڈلی اسمال نے مونٹریال میں جاری مذاکراتی مقام سے فون پر گفتگو میں بتایا،ہم ایک ہفتے سے یہاں بند ہیں اور کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے، لیکن جیسے ہی بات معاوضے تک آتی ہے، معاملات بہت مشکل ہو جاتے ہیں۔ اگر مذاکرات میں واضح پیش رفت نہ ہوئی تو ہم جدید معاہدہ حاصل کرنے کے لیے ہڑتال کریں گے۔

ایئر ٹرانزیٹ، جو زیادہ تر یورپ اور کیریبین کے راستوں پر پرواز کرتی ہے، نے کہا کہ وہ متاثرہ مسافروں کو منسوخ شدہ پروازوں اور متبادل انتظامات کے بارے میں آگاہ کرے گی۔فلائٹ ڈیٹا کے مطابق، ایئر ٹرانزیٹ کے تقریباً 40 فعال طیارے ہر ہفتے 500 سے زیادہ پروازیں چلاتے ہیں اور لاکھوں مسافر سفر کرتے ہیں۔

مذاکرات کے عمل میں دونوں جانب سے ایک دوسرے پر تعاون نہ کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔اسمال نے تقریباً 750 پائلٹس کی جانب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا رویہ غیر سنجیدہ رہا ہے۔ دوسری جانب ٹرانزیٹ کی ہیومن ریسورسز سربراہ جولی لامونتین نے کہا کہ یونین کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کر رہی، حالانکہ مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا، "اس سال کے وقت میں ہڑتال کا راستہ اختیار کرنا نیہایت غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، جو مذاکرات کی اصل صورتحال کی عکاسی نہیں کرتا۔

مسافروں کا ردِعمل

ہڑتال کے خدشے نے مسافروں میں مختلف قسم کے ردعمل پیدا کیے ہیں۔ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر ایک مسافر نے کہا، "یہ تو ابھی پتا چلا، اور میں واقعی پریشان ہوں۔”
ایک اور مسافر نے مسکراتے ہوئے کہا، "ہم بالکل پریشان نہیں۔ اگر چھٹیوں میں ہڑتال ہو گئی تو واپس ہی نہیں آئیں گے!”دیگر مسافر بھی اپنی واپسی کی ممکنہ دشواریوں پر فکر مند نظر آئے، کچھ نے بیک اپ پلان بنایا ہوا تھا، جبکہ کچھ کے پاس کوئی متبادل نہیں تھا۔

مصروف کرسمس سیزن میں ہڑتال کے بھاری اثرات

ایئر ٹرانزیٹ اس وقت مالی مشکلات اور بھاری قرضوں سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے اور 2018 کے بعد سے پہلی بار سالانہ منافع حاصل کرنے کی امید رکھتی ہے۔
ایوی ایشن کے ماہر جان گریڈیک کے مطابق کرسمس سیزن کے عروج کے دوران ہڑتال کمپنی کے لیے شدید نقصان کا باعث بن سکتی ہے، کیونکہ یہی وہ وقت ہے جب پروازیں مکمل بُک ہوتی ہیں اور کرایے سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔

اسی دوران کمپنی کے بورڈ کو کیوبیک کے میڈیا ٹائیکون پیئر کارل پیلادو کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے کمپنی کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ کمپنی کے دوسرے بڑے شیئر ہولڈر ہیں اور ہڑتال کے نوٹس کو بنیاد بنا کر بورڈ پر مزید دباؤ ڈال رہے ہیں۔

تنخواہوں میں اضافہ اور پائلٹس کے مطالبات

ٹرانزیٹ کا کہنا ہے کہ اس نے پائلٹس کو پانچ سال میں 59 فیصد تنخواہ بڑھانے کی پیش کش کی ہے، جسے یونین "غلط اعداد و شمار” قرار دیتی ہے۔یونین کا موقف ہے کہ انہیں 2015 کے معاہدے کی جگہ نیا معاہدہ درکار ہے جس میں بہتر تنخواہ، ملازمت کا تحفظ، بہتر حالاتِ کار اور معیاری زندگی کی بہتری شامل ہو۔

بڑی تعداد میں پائلٹس ہوائی کمپنیاں تبدیل کر رہے ہیں۔ اسمال کے مطابق، کووِڈ کے بعد سے کمپنی 180 سے زائد پائلٹس کھو چکی ہے، یعنی ہر چار میں سے ایک پائلٹ کسی دوسری کمپنی میں چلا گیا ہے۔

ایئر کینیڈا، ویسٹ جٹ اور کئی بڑی امریکی ایئر لائنز پہلے ہی اپنے پائلٹس کو نمایاں تنخواہی اضافہ دے چکی ہیں، جس سے مقابلے کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے ایئر ٹرانزیٹ کے پائلٹس نے 99 فیصد اکثریت سے ضرورت پڑنے پر ہڑتال کی منظوری دے دی۔21 روزہ کولنگ آف پیریڈ 10 دسمبر کو ختم ہو رہا ہے، جس کے بعد پائلٹس ہڑتال کر سکتے ہیں، یا کمپنی لاک آؤٹ نافذ کر سکتی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں