اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)البرٹا کی پریمیئر ڈینیئل سمتھ کی قیادت میں "البرٹا نیکسٹ” پینل کا پہلا ٹاؤن ہال اجلاس ریڈ ڈئیر کے ویسٹرنر پارک کے ہارویسٹ سینٹر میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں تقریباً 450 افراد نے شرکت کی اور وفاقی حکومت سے البرٹا کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں وفاقی ٹیکس وصولی کے نظام سے علیحدگی، صوبائی پولیس فورس کے قیام، اور کینیڈا پینشن پلان سے دستبرداری جیسے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ شرکاء نے ان اقدامات کو وفاق سے البرٹا کی خودمختاری کے حصول کے لیے ضروری قرار دیا۔
ایک شرکاء نے کہا،اگر آپ آزادی کی اجازت مانگیں گے تو کبھی نہیں ملے گی۔ اگر آپ آزادی کا اعلان کریں، تو یہی آغاز ہو گا۔” اسی طرح، "البرٹا پروسپیریٹی پروجیکٹ” کے شریک بانی جیفری رتھ نے کہا کہ صوبہ تمام ٹیکس وصولی کا اختیار حاصل کر سکتا ہے، جو وفاق سے علیحدگی کی واضح علامت ہو گی۔
ڈینیئل سمتھ نے اجلاس میں کہا کہ وہ وفاق کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن اس کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اگر ہم وفاق کا حصہ ہیں، تو بی سی کے ساتھ مذاکرات کرنا مشکل ہو گا، لیکن اگر ہم وفاق کا حصہ نہیں ہیں، تو پھر مذاکرات میں آسانی ہو گی۔”
اس اجلاس میں وفاقی حکومت کے خلاف شکایات بھی سامنے آئیں، جن میں امیگریشن پالیسیوں، ماحولیاتی قوانین، اور وفاقی ٹیکس وصولی کے نظام پر اعتراضات شامل تھے۔ شرکاء نے ان مسائل کے حل کے لیے صوبے کی خودمختاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
"البرٹا نیکسٹ” پینل کا مقصد 2026 کے ریفرنڈم کے لیے عوامی تجاویز اور رائے جمع کرنا ہے، تاکہ صوبے کی خودمختاری اور وفاق سے تعلقات پر عوامی رائے معلوم کی جا سکے۔