اساتذہ کی ہڑتال کے بعد البرٹا کا بڑا تعلیمی اعلان،بجٹ میں نمایاں اضافہ اور ہزاروں نئی بھرتیوں کا فیصلہ

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)البرٹا حکومت کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہے کہ اس کا نیا تعلیمی بجٹ گزشتہ سال ہونے والی اساتذہ کی بڑے پیمانے کی ہڑتال کے بعد اُن کے تحفظات اور احساسات کو سمجھنے کا عملی ثبوت ثابت ہوگا۔

یہ ہڑتال اُس وقت اختتام پذیر ہوئی تھی جب صوبائی حکومت نے اساتذہ پر ایک ایسا معاہدہ نافذ کیا جسے وہ پہلے مسترد کر چکے تھے۔وزیرِ تعلیم ڈیمیٹریوس نکولائیڈیز نے بدھ کے روز کہا کہ اگر نیا بجٹ منظور ہو جاتا ہے تو تعلیم کے شعبے کے لیے 10.8 ارب ڈالر مختص کیے جائیں گے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں سات فیصد زیادہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل اساتذہ کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور آواز بلند کی گئی، جس کے بعد حکومت نے ان کے خدشات کو سنجیدگی سے سنا اور ان پر غور کیا۔

پریمیئر ڈینیئل اسمتھ نے وزیرِ تعلیم کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ تعلیمی سال میں 1,600 نئے اساتذہ اور 800 معاون عملے کے ارکان بھرتی کیے جائیں گے، جبکہ اگلے تین برسوں میں مجموعی طور پر 5,000 اساتذہ کی تقرری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سال سات فیصد اضافہ گزشتہ سال کے 4.5 فیصد اضافے کے مقابلے میں نمایاں ہے، جس پر ناقدین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ڈینیئل اسمتھ کے مطابق اس اضافے کی ایک بڑی وجہ صوبہ بھر میں جماعتوں کے بڑھتے ہوئے حجم اور تدریسی پیچیدگی کے مسائل ہیں۔ ہڑتال کے بعد حکومت نے مختلف تعلیمی بورڈز سے جماعتوں کی تعداد اور طلبہ کی ضروریات سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار طلب کیے تھے۔ تقریباً 350 ملین ڈالر جماعتی پیچیدگی کے مسائل حل کرنے کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ اس سے مراد ایک ہی جماعت میں مختلف تعلیمی ضروریات رکھنے والے طلبہ، جیسے سیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے یا دوسری زبان کے طور پر انگریزی سیکھنے والے بچوں کی معاونت ہے۔

اپوزیشن کی تعلیمی نقاد امینڈا چیپمین نے کہا کہ یہ اضافہ گزشتہ برسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ چھ برسوں سے تعلیمی نظام وسائل کی قلت کا شکار رہا ہے اور اساتذہ کو مناسب احترام نہیں دیا گیا۔

البرٹا ٹیچرز یونین کے صدر جیسن شلنگ نے کہا کہ اگرچہ حکومت کو ہڑتال کے دوران اپنے طرزِ عمل پر مزید جوابدہی کرنا ہوگی، تاہم نیا بجٹ درست سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اُن کے مطابق اپنی سات سالہ صدارت کے دوران انہوں نے اسکولوں کے لیے اتنی بڑی سرمایہ کاری پہلے نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اُن اساتذہ کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔

حکومت کے آئندہ بجٹ میں اربوں ڈالر کے خسارے کی توقع ہے، جس کی وجہ تیل کی کم قیمتیں اور آبادی میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اگرچہ مالی دباؤ کے باعث کچھ مشکل فیصلے کرنا پڑے، لیکن تعلیم جیسے اہم شعبے پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ بجٹ کو متوازن رکھنے کے لیے شمالی امریکا کے خام تیل کے معیاری اشاریے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی اوسط قیمت 74 امریکی ڈالر فی بیرل درکار تھی، جبکہ گزشتہ برس یہ اوسط تقریباً 60 امریکی ڈالر یا اس سے کم رہی، جس سے صوبائی بجٹ میں تقریباً 12 ارب ڈالر کا خلا پیدا ہوا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں